اسلام آباد(نا مہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ و ثقافت نے سمارٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل پر غور کیلئے ایچ ای سی کوایک ہفتے کاوقت دیدیا ہے ،چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے ایچ ای سی حکام کو ہدایت کرتے ہوئے بل کی حتمی منظوری کیلئے اگلے اجلاس تک موخر کردیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ و ثقافت کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاس میں منعقد ہوا،کمیٹی اجلاس میں سینیٹرز نصیب اللہ بازئی، انجینئر رخسانہ زبیری، دلاور خان، رانا مقبول احمد، مولوی فیض محمد اور ایچ ای سی کے حکام نے شرکت کی،سینیٹر نصیب اللہ بازئی، پرنس احمد عمر احمدزئی اور سینیٹر دلاور خان کی جانب سے سینیٹ میں متعارف کرائے گئے"سمارٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل "پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سینیٹر دلاور خان کا کہنا تھا کہ مجوزہ یونیورسٹی میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم دی جائیگی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس جیسے انتہائی اہمیت کے حامل مضامین پڑھائے جائینگے،تمام کمیٹی ممبران نے یونیورسٹی کے قیام کے بل پر اصولی طور پر اتفاق کیا۔ ایچ ای سی حکام نے یونیورسٹی کی فیزبلیٹی اور مجوزہ چارٹر پر غور کیلئے مزید وقت دیئے جانے کی درخواست کی۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے ایچ ای سی حکام کو مجوزہ یونیورسٹی کی دستاویزات پر غور کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے بل کی حتمی منظوری کیلئے اگلے اجلاس تک مؤخر کردیا۔