خانیوال ( نیوز رپورٹر) حکومت پنجاب اپنے وسائل سے اسپیشل ایجوکیشن پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے، گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد سکول بس کا آغاز کردیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار ڈی او اسپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد نے اسپیشل ایجوکیشن سنٹر عبدالحکیم میں منعقدہ نتائج و تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع خانیوال میں اسپیشل ایجوکیشن پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے اور بہت سارے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور سول سوسائٹی اسپیشل بچوں پر خاص توجہ دیکر انہیں معاشرے کا مفید فرد بنانے میں ادارے کا ساتھ دیں۔ قبل ازاں ماہر تعلیم ندیم الحق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن سکول کی عبدالحکیم جیسے علاقہ میں موجودگی کسی اعزاز و انعام سے ہرگز کم نہ ہے۔ انہوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا اور موقع پر کچھ عطیات کا اعلان بھی کیا۔ خطبہ استقبالیہ میں سکول ہیڈ مریم کنول انصاری نے ادارہکو درپیش مسائل اور وسائل کی کمی کا ذکر کیا، ڈی او میاں ماجد نے بتایا کہ اس بار ادارے کی اپنی بکس بھی بچوں کو مہیا کی جائیں گی۔ بعد ازاں پوزیشن ہولڈر بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں سپرنٹنڈنٹ رانا منیر، سکول تدریسی و دیگر سٹاف، زوہیب ارشد چودھری، عبدالروف عاقب، والدین اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
حکومت اسپیشل ایجوکیشن پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے: ڈی اومیاں ماجد
May 27, 2022