کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کا احتجاجی دھرنا ختم، کارکنان منتشر

May 27, 2022


کراچی(این این آئی)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے لانگ مارچ ختم کرنے کے اعلان کے بعد کراچی میں نمائش چورنگی پر شروع ہونے والا احتجاجی دھرنا بھی جمعرات کی صبح 8 بجے ختم کر دیا گیااور کارکنان پرامن انداز میں منتشر ہونا شروع ہوگئے ۔احتجاجی دھرنے میں سابق وفاقی وزیر علی حیدر زیدی، فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، شہزاد قریشی، بلال غفار اور عباس جعفری موجود رہے، مظاہرے میں میوزیکل نائٹ کا انتظام کیا گیا جس میں کارکنان نے انتہائی جوش خروش کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیے گئے دھرنے میں خواتین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی۔سابق وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کا دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہاکہ پولیس اہلکاروں کو بھی کہتا ہوں کہ یہ دھرنا آپ کے بچوں کے مستقبل کی بھی جنگ ہے کون کب بدل جائے مگر موقع سب کو دینا چاہیے۔انہوں نے شرکا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بہنوں اور نوجوانوں یہاں سے ہلنا نہیں ہے خان صاحب کی تقریر لائیو دکھائی جائے گی، خان صاحب نے بولا گھر جا گے تو ہی گھر جائیں گے۔رکن صوبائی اسمبلی و سابقہ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کے دوران پوچھا کہ کیا تم لوگ دھرنے میں خان صاحب کے ساتھ مستقل بیٹھو گے اور جب تک خان صاحب دھرنا ختم نہیں کرینگے اپنے گھروں کو تو نہیں جائو گے جس پر تمام شرکا نے ہاتھ اٹھا کر خان صاحب کے فون آنے تک بیٹھنے کی یقین دہانی کرائی جس پر انہوں نے شرکا سے کہا کہ اگر تم بیٹھو گے تو تمھارے لیے شامیانے لگانے کا بول دوں گھر تو نہیں جائو گے تاہم شرکا نے دوبارہ یک زباں ہو کر دھرنے کے خاتمے کے اعلان تک بیٹھنے کی یقین دہانی کرائی۔شرکا نے تو اپنے طرف سے بیٹھے رہنے کی یقین دہانی کرا دی تھی تاہم فردوس شمیم نقوی کا شامیانے لگانے کا وعدہ وفا نہ ہوا اور جمعرات کی صبح 8 بجے دھرنا اختتام پذیر ہوگیا۔دوسری جانب رات گئے دھرنے کے شرکا کو بریانی، پلائو ، رول پراٹھا اور پانی بھی فراہم کیا گیا، دھرنے کے شرکا پوری رات عمران خان سے یکجہتی کے نعرے لگاتے رہے جبکہ پی ٹی آئی کے مخصوص ترانے پر رقص اور عمران خان کے حق میں نعرے لگاتے رہے جبکہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے خلاف انتہائی سخت زبان استعمال کرتے رہے۔عمران خان کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے نمائش چورنگی پر شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد کارکنان منتشر ہوگئے جس کے فوری بعد کے ایم سی کے عملے نے موقع پر پہنچ کر صفائی ستھرائی کا کام مکمل کیا بعدازاں ٹریفک پولیس نے دونوں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بحال کروا دی۔

مزیدخبریں