واش روم میں بچے کی پیدائش ، طبعی امداد نہ ملنے پر جاں بحق ،ورثاسراپا احتجاج 

وہاڑی‘ میلسی(نامہ نگار‘ تحصیل رپورٹر ) گڑھاموڑ رول ہیلتھ سنٹر کے عملہ کی غفلت‘ خاتون نے بچے کو واش روم میں جنم دے دیا۔ فوری بہتر نگہداشت نہ ملنے پر چند منٹ بعد نومولود بچہ دم توڑ گیا۔  لواحقین کا شدید احتجاج۔ تفصیل کے مطابق رول ہیلتھ سنٹر گڑھاموڑ میں چکنمبر 82 ڈبلیوبی کی رہائشی شاہین ریاض نامی خاتون کو جب گزشتہ روز علی الصبح ڈیلیوری کیلئے  لایا گیاتو عملہ سو رہا تھا خاتون کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ ہم نے عملے کو جگاکر صورتحال سے آگاہ کیا لیکن عملہ نے کوئی پرواہ نہ کی مریضہ کو بیڈ تک مہیا نہیں کیا گیاخاتون شدید تکلیف کی حالت میں واش روم گئی تو واش روم میں ہی بچے کو جنم دے دیا اور خاتون واش روم میں تڑپتی رہی بچے کو فوری نگہداشت نہ میسر آسکی جس کے نتیجہ میں بچہ دم توڑ گیا۔ ورثا نے ہسپتال کے سٹاف کو ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور بچہ کی ہلاکت کاذمہ دار ہسپتال انتظامیہ کو قراردیتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب اور محکمہ صحت کے ذمہ دار حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اس واقعہ کے حوالے سے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر فیصل سے بات ہوئی تو اس نے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے سٹاف کے خلاف کاروائی ہو گی۔ رابطہ کرنے پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مریض علی الصبح آئی اور آتے ہی واش روم چلی گئی جہاں خاتون نے مردہ بچے کو جنم دیا مزید انکوائری کا حکم دے دیا ہے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن