لاہور(کامرس رپورٹر ) آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے سندھ سیس ٹیکس کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا معاشی قتل کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اوگرا اس ٹیکس کو جلد سے جلد ختم کرائے۔ اس حوالے سے چیئرمین آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن طارق وزیر علی نے چیئرمین اوگرا کو خط لکھ دیا۔ طارق وزیر علی نے خط میں مطالبہ کیا سندھ سیس ٹیکس کو ختم کیا جائے کیونکہ اس سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 40 فیصد تک کمی آرہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اس ٹیکس کی بدولت کراچی پورٹ سے درآمد کی جانے والی تمام اشیا پر 25۔1 فیصد لیوی لگائی جائے گی جسکا براہ راست اثر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر پڑے گا۔ طارق وزیر علی نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے سٹے آرڈر بھی لے رکھا ہے۔ چیئرمین نے چیئرمین اوگرا سے مطالبہ کیا کہ ایسوسی ایشن کے ممبران کے ساتھ فوری طور پر ایک اجلاس رکھا جائے جس میں انڈسٹری کو پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔