اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)پاکستان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے بڑھتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک ایسا قانونی معاہدہ بہترین آپشن ہو گا جو تمام ریاستوں کے مفادات کو پورا کرتا ہو۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ عامر خان نے سلامتی کونسل کی ارریا فارمولا میٹنگ کے دوران کہا کہ سائبر حملے ہمارے سماجی، اقتصادی اور سیاسی میدان میں زیادہ شدت کے ساتھ ہو رہے ہیں جس سے اہم انفراسٹرکچر اور معاشروں پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری خاص طور پر ترقی یافتہ دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ منصفانہ، مساوی اور غیر مشروط تکنیکی مدد، صلاحیت سازی میں معاونت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی فراہم کریں تاکہ ریاستوں خاص طور پر محدود وسائل کے حامل ممالک کی سائبر سکیورٹی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں مدد کی جا سکے۔