اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے پوری قوم اپنے شہداء کی قدر کرتی ہے اور وہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، تاقیامت زندہ رہنے والے بہادروں کے وجہ سے ہماری قوم مضبوط اور سلامت رہے گی۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار 20 مئی کو ٹانک جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائیک محمد عتیق اور رجب علی کے ورثا سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے 20 مئی کو گلاب پوسٹ بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی مدثر حمید اور عبدالقدیر کے لواحقین سے بھی بات کی۔ صدر ڈاکٹر علوی نے 20 مئی کو زرغون بلوچستان میں شہید ہونے والے سپاہی ظہیر احمد کے خاندان سے بھی رابطہ کیا اور شہداء کی وطن کیلئے گراں قدر خدمات اور قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
قوم شہداء کی قدر دان، بہادروں کی وجہ سے مضبوط رہے گی: صدر
May 27, 2023