حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی )افواج پاکستان اور پنجاب پولیس کے شہداء کو انکی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرنے اور انکے اہلخانہ میں تحائف تقسیم کرنے کی تقریب پولیس لائنز میں ہوئی جہاں بریگیڈیر نعمان عارف ، ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ ڈی پی او ڈاکٹر فہد احمد اور جیل سپرنٹنڈنٹ فرخ رشید نے شر کت کی ۔ تقریب میں ممتاز عالم دین علامہ قار ی فیصل ندیم کیلانی نے ملک و قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظمت اور ان کی لازوال قربانیوں پر خصوصی خطاب کیا جبکہ تقریب میں شہداء کے اہلخانہ ، پولیس افسران اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ء ہمارے ہیر وہیں انکی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔افواج ، پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کی قربانیاں نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔ تقریب کے اختتام پر بریگیڈیر نعمان عارف، ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ اور ڈی پی او ڈاکٹر فہد احمد نے شہداء کے بچوں اور دیگر اہلخانہ میں تحائف تقسیم کیے۔