اسلام آباد (اے پی پی+ این این آئی) وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کے ضلع ہنگو سے لیے گئے ماحولیاتی نمونے میں ایک بار پھر پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ جمعہ کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں قائم قومی پولیو لیبارٹری کی رپورٹ کے مطابق ہنگو سے سول ہسپتال اور جانی چوک کی مشترکہ سائٹ سے 9مئی کو لیے گئے سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ ماحولیاتی نمونے میں بھی پولیو وائرس پایا گیا تھا۔ وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کی ماحول میں موجودگی بچوں کی صحت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ والدین ہر بار بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں رواں سال اب تک صرف ایک پولیو کیس اور 7 مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔