اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)اقوام متحدہ نے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے آٹھ پاکستانی امن سپاہیوں سمیت ایک سو تین فوجی، پولیس اور سویلین اہلکاروں کو اعزازات دیئے ہیں۔ تفصیلا ت کے مطا بق نیو یارک میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی 75 ویں سالگرہ کی ایک خصوصی تقریب ہوئی جس میں امن فوجیوں کو بعد از مرگ اعزازات دیئے گئے۔پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں پانچواں بڑا ملک ہے، جس کے تقریباً بیالیس سو فوجی اور پولیس اہلکار مختلف ملکوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن اہلکار میزبان ملکوں میں سلامتی، استحکام اور قانون کی حکمرانی کیلئے تعاون کر رہے ہیں اور انہیں امید اور تحفظ کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔