عمران کی میڈیکل رپورٹس میں فریکچر کا ذکر نہیں، شراب ، کوکین کا استعمال سامنے آیا : وزیر صحت 

کراچی‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ نیٹ نیوز) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے سابق وزیراعظم عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میڈیا کے سامنے پیش کردی۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان 5 سے 6 ماہ پلستر لگا کر گھومتے رہے لیکن کسی فریکچر کا رپورٹ میں ذکر نہیں ہے۔ گوشت میں کوئی چوٹ آ جائے تو کسی کو پلستر کرتے دیکھا ہے؟۔ عمران کے پیشاب کی ابتدائی رپورٹ میں ٹاکسک چیزیں جن میں شراب اور کوکین کا بے دریغ استعمال سامنے آیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران کی ذہنی حالت پر سوالیہ نشان ہے، ان کی حرکات و سکنات فٹ آدمی کی نہیں تھیں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو جس راستے پر لگایا اس کا نتیجہ سب نے دیکھ لیا۔ پاکستان کے عوام اپنے بچوں کو اس کے حوالے نہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جن ڈاکٹرز نے عمران خان کی ٹانگ پر فریکچر کا لکھا ہے انکی غلط پریکٹسز کیلئے متعلقہ اتھارٹیز کو لکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ پبلک ڈاکیومنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی رپورٹ کا مرحلہ نہیں آیا تھا لیکن انہیں عدالت سے مثالی انصاف مل گیا۔ مکمل رپورٹ کے بعد اسے بھی شیئر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو عید کی رات 12 بجے گرفتار کیا گیا۔ فریال تالپور کو ڈاکٹرز نے اَن فٹ قرار دیا لیکن ان کو چاند رات کو گرفتار کیا۔ آصف زرداری بیمار تھے ان کو گرفتار کیا۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ریمانڈ کے طور پر آپ کو ضمانت ملی لیکن جو چیز ریکارڈ پر ہے، عمران کو ایسا انصاف ملا کہ اگلے، پچھلے سارے گناہ معاف ہو جائیں۔ ڈیم والے جج نے اس کو صادق اور امین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بھی اداروں کی پالیسیوں سے اختلاف رہا۔ جب ملک پر برا وقت آیا تو ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہوئے، ہم شہداءکی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ عمران خان اپنے جھوٹ کو سچ کہتا ہے اور دوسروں کو منوانے کی کوشش کرتا ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف فرخ حبیب نے وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے عمران خان پر الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جاری بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ لاقانونیت اور آئین کی پامالی کا فائدہ اٹھا کر بے شرموں کا گروہ غلاظت کی انتہاو¿ں کو چھو رہا ہے، حیا ہوتی تو سندھ کے ڈاکو کی عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ کا متن دیکھ لیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ان کے وزیروں کے بستروں سے شراب اور گند عدالتوں نے پکڑا ہے، ریاست ان اوباشوں کو بے لگام چھوڑنے کے بجائے انہیں لگام ڈالے، مزید بیہودگی برداشت کریں گے نہ ان مجرموں کو اس کی اجازت دیں گے۔ فرخ حبیب نے کہا ہے سیاسی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے، آپ کے ان اقدامات سے تحریک انصاف ختم نہیں ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان نے کہا تھا حکومت گرائی تو معیشت نہیں سنبھالی جائے گی، شہباز شریف نے اقتدار میں آتے ہی 16 ارب کا کیس ختم کرایا۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ پبلک کرنے اور سنگین الزامات عائد کرنے پر وزیر صحت سمیت دیگر متعلقہ افراد کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔ جس کی عمران خان نے منظوری دے دی۔ ترجمان کے مطابق عبدالقادر پٹیل، نیب، وزارت صحت اور پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بیرسٹر ابوذر سلمان نیازی کی سربراہی میں چیئرمین تحریک انصاف کی قانونی ٹیم عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔ پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق عبدالقادر پٹیل کی شرمناک پریس کانفرنس اور بیہودہ الزام تراشی کےخلاف ہتک عزت سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن