جی 20 اجلاس بھارتی جرائم چھپانے کی کوشش،عالمی برادری کشمیریوں کی آواز سنے : حریت کانفرنس 


سرینگر (کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے مذموم ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک طرف مودی حکومت نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں تو دوسری طرف مقبوضہ علاقے میں جی 20اجلاس جیسی بین الاقوامی تقریبات کا انعقاد کرکے اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ موجودہ سنگین صورتحال میں یہ دنیا کے ہر انصاف پسند شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔ بیان میں مزید کہا کہ عالمی برداری کو مظلوم کشمیریوں کی فریاد سن کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ عالمی برادری کو اپنے دوغلا معیار کو ترک کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم پر مودی حکومت کو جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ علاوہ ازیں ترجمان نے سرینگر میں مودی حکومت کی میزبانی میں منعقدہ جی 20 اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر چین، ترکیہ، سعودی عرب، مصر، انڈونیشیا، میکسیکو اور عمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے اور ان کا پاکستان میں شامل ہونے کا خواب پورا ہو گا۔
حریت کانفرنس

ای پیپر دی نیشن