2 ترقیاتی سکیموں کیلئے 13ارب 82کروڑ 33لاکھ 22ہزار روپے کی منظوری 


لاہو ر(کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2022-23کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے61ویں اجلاس میں ہیلتھ اور روڈز سیکٹرز کی2 ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر13ارب 82کروڑ 33لاکھ 22ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ علی سرفراز حسین نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں چلڈرن ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (CH&ICH) ملتان میں ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کیلئے 6ارب1کروڑ 20لاکھ 82ہزار روپے اورگوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ (بے نظیر چوک) سے لاہور سیالکوٹ موٹروے (واہنڈو انٹر چینج) تک سڑک کو دو رویہ کرنے کے لئے 7ارب 81کروڑ 12لاکھ 40 ہزار روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ سہیل انور سمیت محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن