لاہور ( خصوصی نامہ نگار) مولانا محمد عبدالستار خان نیازی ٹرسٹ کے مرکزی صدر جمعیت علماء کے سینئر رہنما علامہ غلام شبیر قادری نے کہا امریکہ اور برطانیہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کروائیں تاکہ عالمی امن تباہ نہ ہو۔ پوری دنیا اور عالمی عدالت انصاف اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کر رہی ہے جبکہ نیتن یاہو مسلم دشمنی میں ہٹ دھرمی پر اترے ہوئے ہیں اور مظلوم فلسطینیوں پر حملے کر رہے ہیں۔نیتن یاہو کے جنگی جرائم کی بنیاد پر عالمی عدالت انصاف میں دہشت گردی کا مقدمہ چلایا جائے ۔امریکہ برطانیہ اور یورپی یونین فلسطین کی آزاد ریاست کو تسلیم کریں اور جنگ بندی کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں۔ مسلمان ممالک دل کھول کر فلسطینی بھائیوں کی مدد کریں۔ اقوام متحدہ امداد کے پہنچنے میں جو رکاوٹیں ہیں انہیں دور کرے۔ بچوں بوڑھوں خواتین سمیت ہزاروں افراد کو علاج کی سہولتیں میسر نہیں ہو رہی۔ فلسطینیوں کو خوراک کی کمی کا شدید سامنا ہے۔ عالمی برادری دہرا معیار ختم کرے اور اسرائیلی مظالم پر ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ او ائی سی کے ممالک فلسطینی بھائیوں کی فورا امداد کریں اور مسلم نسل کشی کے منصوبے کو ناکام بنائیں۔