لاہور( خصوصی نامہ نگار) حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں ایران کے شہید صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر ساتھیوں کی یاد میں مجلس تجلیل و ترحیم برائے بلندی درجات شہدائے خدمت منعقد کی گئی۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کہا آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی شہادت نے انقلاب اسلامی کو کمزور نہیں کیا بلکہ اسے تقویت دی ہے۔ سیاستدان کی نظر آئندہ الیکشن تک جبکہ رہبر کی نظر آئندہ نسلوں تک ہوتی ہے۔بانی انقلاب اسلامی امام خمینی سیاستدان نہیں رہبر تھے۔امریکہ جتنی کوشش کر لے انقلاب اسلامی کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ امام خمینی کے بعد خامنہ ای اور ابراہیم رئیسی انقلاب اسلامی کے مشن کو لے کر چلے۔اب مزید سینکڑوں خمینی پیدا ہو چکے ہیں۔ قونصل جنرل ایران آغا موحد فر نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام کا شہیدابراہیم رئیسی کی شہادت پر تعزیت اور ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا صدر جمہوری اسلامی نے اپریل میں اپنے دورے کے دوران لاہور آمد کا پروگرام رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کے مشورے سے بنایا کیونکہ مشہور ہے کہ جس نے’ لاہور نہیں دیکھا وہ گویا پیدا ہی نہیں ہوا‘۔ ابراہیم رئیسی نے کہاتھا انہیں لاہور میں اجنبیت کا احساس نہیں ہوا۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں شہید صدر کا استقبال کیا گیا۔