سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں نام نہاد انتخابات کشمیریوں کی رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہوسکتے ، عالمی برادری اپنادوہر ا معیار ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود اردیت دلانے کیلئے بھارت پردباو ڈالے ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی سرکارمقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے علاقے میں پارلیمانی انتخابات کا ڈرامہ رچارہی ہے۔ کشمیریو ں کے تمام بنیادی حقوق سلب کئے گئے ہیں اور مقبوضہ علاقے میںریاستی دہشت گردی کی انتہا پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی مظالم کا سامنا ہے اور وہ بے انتہا مصائب و مشکلات کا شکار ہیں۔بھارت نے ڈھونگ انتخابات کے دوران سیکورٹی کے نام پر مقبوضہ علاقے میں پابندیوں ، محاصروں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری انتخابات کے لیے نہیں بلکہ حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔