81 فلسطینی شہید، تل ابیب پر راکٹ حملے: متعدد اسرائیلی فوجی یرغمال بنا لئے، حماس

May 27, 2024

غزہ+ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) حماس کی القسام بریگیڈ کے جانبازوں نے بڑی حکمت عملی کے ساتھ اسرائیلی فوجیوں کو اپنی جانب راغب کیا اور اپنے جال میں پھنسا کر متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ ترجمان ابو عبیدہ نے اپنی اس کامیابی کی روداد سناتے ہوئے بتایا کہ جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں کو لالچ دے کر ایک سرنگ کی تلاشی پر اُکسایا۔ اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ متعدد کو زخمی حالت میں قیدی بنالیا گیا جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے القسام کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا کوئی اہلکار حماس کا قیدی نہیں بنا۔ حماس نے تل ابیب پر راکٹ حملہ کر دیا۔ کئی ماہ بعد 50 سے زائد شہروں میں سائرن سنے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 15 دھماکے سنے گئے۔ کمرشل پروازیں معطل کر دی گئیں۔ فوج نے تعداد 8 بتائی بیشتر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ 6 ماہ بعد حماس کا پہلا راکٹ حملہ ہے۔ 5 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈ ن نے ایران کے ذریعے اسرائیل پر کئے گئے حملہ کو تباہ کن قرار دے دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ویسٹ پوائنٹ، نیو یارک میں یونائیٹڈ سٹیٹس ملٹری اکیڈمی میں اپنی تقریر کے دوران کہا: اسرائیل پر ایران کا ڈرون اور میزائل حملہ تباہ کن تھا۔ اس زبردست حملے کے خلاف اسرائیل کا دفاع کرنے میں تل ابیب کی مدد کرنے پر امریکی فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، مزید 8 فلسطینی شہید ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں فضائی حملے کئے ہیں۔ لبنانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حزب اﷲ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چارحزب اﷲ ارکان شامل ہیں۔ جوابی حملے میں شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجیوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔

مزیدخبریں