لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں قید شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کے مزید 9 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی۔پولیس اڈیالہ جیل میں ہی شاہ محمود سے تفتیش کرے گی، تفتیشی ٹیم نے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور سے شاہ محمود قریشی کو لاہور منتقل کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ عدالت نے 3 روزہ ریمانڈ دیتے ہوئے سکیورٹی خدشات کی بناء پر انہیں لاہور منتقل کرنے سے منع کر دیا۔ لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں ان کا بیان ریکارڈ کیا۔ ریمانڈ مکمل ہونے پر شاہ محمود قریشی ویڈیو لنک کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے۔دریں اثناء ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا کسی بھی مقدمے میں گرفتاری کا جواز نہیں۔ جن مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی ان میں شاہ محمود کو ضمانت مل چکی ہے۔ شاہ محمود کو قید رکھنے کیلئے قانون کی پھر سے دھجیاں اڑائی گئیں۔