خیبر پی کے حکومت آئندہ مالی سال کے دوران 123 ارب روپے قرض لے گی

May 27, 2024

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) خیبر پی کے حکومت آئندہ مالی سال کے دوران 123 ارب روپے قرض لے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت خیبرپی کے نے مالی سال 25-2024 میں عالمی مالیاتی اداروں سے آئندہ مالی سال کے لیے121 ارب 75 کروڑ40 لاکھ روپے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ بجٹ میں عالمی بنک سے60 ارب 52 کروڑ، ایشیائی ترقیاتی بنک سے46 ارب93 کروڑ قرض لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت کو دوست ملک چین سے بھی ایک ارب49 کروڑ کا قرض ملنے کی توقع ہے۔ دستاویز میں کہا گیا کہ امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ سے تین ارب90 کروڑ، بین الاقوامی ترقیاتی ایجنسی سے 12 ارب، کے ایف ڈبلیو سے دو ارب 49کروڑ کا قرض لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی امدادی اداروں سی 8 ارب83 کروڑ30 لاکھ کی گرانٹ ملنے کا بھی امکان ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے دور میں ریکارڈ 405 ارب سے زائد کا قرضہ لیا گیا۔ محمود خان دور سے قبل سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں بھی خیبر پی کے پر 200 ارب روپے سے زائد کا قرضہ تھا۔

مزیدخبریں