مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی بارے بھارتی سپریم کورٹ کا تازہ حکمنامہ مسترد کرتے ہیں: پاکستان

اسلام آباد(کے پی آئی )پاکستان نے بھارتی سپریم کورٹ کے اپنے سابقہ فیصلے کو برقراررکھنے کے تازہ حکم نامے کو مسترد کر دیا ہے جس میں آئین کی دفعہ370کی منسوخی کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے مودی حکومت کے یکطرفہ فیصلے کی توثیق کی گئی تھی۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے مقبوضہ کشمیر میں دفعہ370کی منسوخی بارے بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ہم بھارتی سپریم کورٹ کے تازہ حکم نامے کو اسی طرح مسترد کرتے ہیں جس طرح ہم نے 11دسمبر 2023کے فیصلے کو مسترد کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ دو فیصلے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرنے میں ناکام رہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹا نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کا ناقابل تنسیخ حق رکھتے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میںدی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو تنازعے کے فریقوں یعنی کشمیریوں اور پاکستان کی مرضی کے خلاف متنازعہ علاقے کی حیثیت سے متعلق یکطرفہ فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن