پیانگ یانگ (آئی این پی ) شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا پر جزیرے کے ارد گرد مزید فضائی جاسوسی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی گئی تو وہ فوری کارروائی کرے گا۔ اتوار کو شمالی کوریا کے نائب وزیر دفاع کِم کانگ اِل نے سرکاری نام سے اپنے ملک کا حوالہ دیتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے 13 سے 24 مئی تک ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا کے خلاف فضائی جاسوسی کے لیے درجنوں فوجی طیارے تعینات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف فوجی مشقوں کے ساتھ مل کر اس طرح کی دشمنانہ فوجی جاسوسی علاقائی فوجی کشیدگی میں مسلسل اضافے کی جڑ بن گئی ہے۔ اہلکار نے جنوبی کوریا کی بحریہ پر بھی تنقید کی اور اسے سمندر پار دشمن کی دخل اندازی کہا اور دعوی کیا کہ ایسی کارروائیاں موبائل گشت کی آڑ میں کی گئی ہیں۔ نائب وزیر نے کہا کہ شمالی کوریا کی فوج ضروری فوجی اقدامات کرے گی، ہماری سمندری سرحد کے پار اس طرح کی بار بار دراندازی کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے سرحد کے پار سے جنوبی کوریا کے سوک گروپوں کی جانب سے حکومت مخالف کتابچوں پر مشتمل غبارے بھیجنے کو بھی نشانہ بنایا اور اسے خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا۔
شمالی کوریا کا واشنگٹن، سیول پر جاسوسی جہاز، کشتیاں بھیجنے کا الزام
May 27, 2024