آئینی بالادستی، جابرانہ نظام سے آزادی: جماعت اسلامی کا عید کے بعد تحریک کا اعلان

May 27, 2024

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کی غلامانہ اور جابرانہ نظام سے آزادی کے لیے عیدالاضحی کے بعد ملک گیر تحریک کا آغاز کریں گے۔ جماعت اسلامی نے تحریک کے لیے قومی ایجنڈا تشکیل دے دیا۔ فارم 45کے ذریعے حقیقی عوامی نمائندگی بحال کی جائے۔ نئے الیکشن کی بات کرنے والے کسی اور کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔ بیوروکریسی، عدلیہ، سیاست دان، جرنیلوں کی آئین میں حدود واضح ہیں، سب کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا، انا کی خاطر ملک تباہ نہ کیا جائے۔ امریکی پریشر رد کر کے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کیا جائے۔ منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی شعور کو دبانے اور سوشل میڈیا پر پابندی کے لیے حکومت 40 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ حکمرانوں کی بوکھلاہٹ صاف عیاں ہے۔ میڈیا پر پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراست علی شاہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور نائب امیر خیبر پی کے عنایت اللہ خان بھی موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ قومی الیکشن کے دوران الیکشن کمشن نے کٹھ پتلی کا کردار ادا کیا، ایسے لوگوں کو مسلط کر دیا گیا جن کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں، الیکشن اصلاحات کی جائیں، شفاف الیکشن اور نتائج کی تیاری کے لیے جدید ذرائع اپنائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ جعلی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، اس کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاری کے اعلانات فریب ہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو موبلائز کرے گی، روزگار، صحت، تعلیم کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ تعلیم کا مجموعی بجٹ 1500ارب کے قریب ہے، لیکن سکولوں کا انفراسٹرکچر تباہ حال ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، قوم کے بچوں کو ایک نظام، ایک نصاب اور ایک زبان کے تحت تعلیم کی مہم چلائیں گے۔ جماعت اسلامی ’’بنوقابل پروگرام‘‘ کے تحت ملک بھر میں دس لاکھ بچوں کو ہنرمند بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے، انھیں ملازمت کے دوران ہراسگی کے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خواتین کو وراثت میں حق نہیں ملتا، خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد میں تیزی لائیں گے۔ ایک ارب ڈالر کے گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات کو دبا دیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزاد خارجہ پالیسی کی تشکیل بھی جماعت اسلامی کے قومی ایجنڈا کی تحریک کا بنیادی جز ہے۔ کشمیر پر سودے بازی کی باتیں عام ہیں، سابقہ آرمی چیف اور حکمران اس پر وضاحت دیں۔ بھارت سے دوستی کی پینگیں اور ایران اور افغانستان سے چپقلش کسی صورت قبول نہیں، بھارت کو خطے کا پولیس مین بنانا امریکی ایجنڈا ہے۔

مزیدخبریں