فیروزوالہ،گوجرہ،سمبڑیال‘ وزیرآباد ‘ میانوالی (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران) پنجاب کے مختلف شہروں میں نہر اور دریا میں نہاتے ہوئے 6افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق لاہور روڈ پر واقع خانپور نہر میں لاہور کا رہائشی نوجوان ڈوب گیا۔متوفی کی لاش تاحال نہیں مل سکی ۔گوجرہ چک 181 گ ب کے محمد شاہد کا 12 سالہ بیٹا محمد احمد نہر گوگیرہ نہانے گیاریسکیو اہلکاروں نے 3گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اسکی نعش باہر نکالی۔ نہر اپر چناب سمبڑیال میں بہاولپور کا40 سالہ پردیسی عطا محمدڈوب کر جاں بحق ہوا ، ریسکیو ٹیم اسکی نعش کی تلاش میں سرگرداں ہے ۔وزیر آباد کے علاقے گاجر گولہ کا 15 سالہ زونیر انہر لوئر چناب کی موجوں کا نشانہ بنا۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے نہروں میں نہانے پر پابندی لگائی جائے ۔میانوالی کے محلہ خنکی خیل کے 2کمسن بھائی 9سالہ وجاہت اللہ اور 12سالہ جنید بھی دریائے سندھ کے کنارے گہرے پانی کے گڑھے میں ڈوب کر جاںبحق ہوگئے۔تمام واقعات میں نوعمر بچوں اورنوجوانوں کی نعشیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام برپا ہوگیا ۔