جنرل بس سٹینڈ پیر ودہائی راولپنڈی مسائل کی آماجگاہ،ٹرانسپورٹرزکو مشکلات کا سامنا

راولپنڈی(محبوب صابر /جنرل رپورٹر)جنرل بس سٹینڈ پیر ودہائی راولپنڈی میں سہولتوں ہونے کے با وجود مسائل نے اپنے پنجے گاڑھ لئے، ٹرانسپورٹرز مشکلات میں پھنس گئے، مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی اپیل کر دی ہے، گزشتہ روز پاکستان ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر راجہ خاقان جمیل، سینئر نائب صدر حاجی سیف اللہ خان نیازی، جنرل سیکرٹری ملک شہباز احمد، جوائنٹ سیکرٹری سردار محمد مہربان خان، اور فنانس سیکرٹری آفتاب عباسی نے نوائے و قت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ پیر ودہائی سے ملحقہ آئیڈیل پارک کی12کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر و مرمت کی گئی لیکن اس کے ثمرات سامنے نہیں آ رہے، مسافروں کیلئے بیت الخلا ء تعمیر کئے گئے جہاں پر ٹھیکیدار اپنے من پسندنرخ مقرر کرکے وصول کر ہے ہیں اس وقت30روپے فی کس لئے جا رہے ہیں، مسافر خانے میں سہولیات تو فراہم کی گئی ہیں لیکن مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث سے سب کچھ خراب ہو رہا ہے، جنرل بس سٹینڈ میں حفاظت اور دیکھ بھال کیلئے 12سیکورٹی گارڈ بھرتی کئے گئے جن کو مختلف ڈیوٹیاں سونپی گئیں لیکن اس وقت صرف 8سیکورٹی گارڈ کام کر رہے ہیں وہ بھی منفی سرگرمیوں میں سرگرم نظر آ تے ہیں،انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ میں بس بے موجود ہونے کے با وجود مختلف علاقوں کیلئے جانے کیلئے رینٹ اے کار والے 4مسافروں کو سوار کرکے لے جاتے ہیں جبکہ بڑی گاڑیوں کی جانب مسافر رخ نہیں کرتے، جنرل بس سٹینڈ میں بس بے کی الاٹمنٹ کا طریقہ کارشفاف بنایاجائے تاکہ کسی سے نا انصافی نہ ہو،حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی اور ہمیں کرائے کم کرنے کا کہا گیا جو کردیا لیکن ٹائر، موبل آئل اور دیگرسپیئر پارٹس کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی، ٹول ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے جسے کم کیا جائے، پاکستان ٹرانسپورٹ ویلفیئر  ایسوسی ایشن کے ممبران نے کہا کہ صوبائی وزیر نے بڑی گاڑیوں کی فٹنس کیلئے پشاور روڈ پر واقع وکس کمپنی سے کرانے کیلئے احکامات دیئے لیکن اس پر عمل در آمد نہیں ہو رہا، اس طرف توجہ دی جائے، منڈی موڑ پر تجاوزات کی بھر مار ہے اور ہر وقت رش لگا رہتا ہے  دوسری طرف جتنے بھی غیر قانونی بس اڈے قائم ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ جنرل بس سٹینڈ کی جانب مسافر آئیں، جنرل بس سٹینڈ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایک میڈیکل سینٹر یا کیمپ قائم کیا جائے تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹا جا سکے، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی وقار حسن چیمہ سے اپیل ہے کہ وہ ان مسائل کو حل کرکے ٹرانسپورٹروں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن