اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسلام امن کا مذہب ہے اور علمائے کرام معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دے رہے ہیں۔ لوگوں کو مذہبی امور سے آگاہ کرنے کے لیے ان کا کردار اولین اہمیت کا حامل ہے۔ یہ بات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چیمبر ہائوس میں اجمیر شریف خواجہ غریب نواز، خواجہ معین الدین چشتی (رح) کے متولی پیر سید سرور چشتی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام بھی مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی کوششیں زیادہ ہم آہنگی اور ہمدردانہ دنیا میں حصہ ڈالتی ہیں۔احسن ظفر بختاوری نے مزید کہا کہ امن و سکون کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی بالخصوص کاروبار کی ترقی شرط ہے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر بھی یکساں توجہ دے رہا ہے۔ معاشرے میں رواداری اور محبت کے فروغ کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر مذہبی اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید سرور چشتی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے خصوصا انتشار اور اندرونی کشمکش کے وقت اس کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزارات سے وابستہ صوفی بزرگ ہمیشہ محبت، ہمدردی، رواداری کی تبلیغ کرتے ہیں اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ برکت، شفا اور سکون حاصل کرنے کے لیے ان مزاروں پر آتے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اس مقصد کے لیے باقاعدہ نشستوں کا اہتمام کرنے جیسے اقدامات کی بھی تعریف کی جو اسلامی اصولوں اور اقدار کی ترویج کے لیے اہم ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید محمد علی گیلانی نے کہا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی کے لیے ہمیں دین سے اپنا تعلق مضبوط کرنا ہو گا۔
علمائے کرام بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں، احسن ظفر بختاوری
May 27, 2024