الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ کی تیاریوں کاآغازکردیا،ذکراللہ مجاہد

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ کی تیاریوں کاآغازکردیا ،غزہ کے فلسطینی متاثرین سمیت یتیموں ،بیوائوں،مساکین و مستحقین کیلئے پاکستان میں 6ہزار بڑے اور 4ہزارچھوٹے جانوروں کی قربانی کی جائے گی جس سے20لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔،غزہ متاثرین کیلئے قربانی کے بعد بین الاقوامی معیارکے مطابق ہاف کک ٹن پیکس میں گوشت غزہ کیلئے بھیجاجائے گا جودوسال تک قابل استعمال رہے گا ۔ مرکزی نائب صدروچئیرمین کمیونٹی سروسزذکراللہ مجاہدنے کہاکہ غزہ اس وقت شدیدغذائی قلت کا شکارہے اسی طرح پاکستان میں بھی گزشتہ کئی دہائیوں کے تجربے سے تلخ حقائق سامنے آئے ہیں کہ ملک میں بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جنہیں سال میں صرف عید الاضحی کے مو قع پر ہی گوشت کھانا نصیب ہوتا ہے ایسے طبقات کیلئے الخدمت کی قربانی فی سبیل اللہ مہم جاری ہے ۔ پاکستان سے مخیر حضرات کے ساتھ ساتھ الخدمت کو ملنے والی قربانیوں کا ایک بڑا حصہ بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں اوربرادر تنظیموں کی بھیجی گئی قربانیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ یورپ، امریکہ اور ایسے ممالک جہاں جانور خریدنا، اس کی دیکھ بھال کرنا، قربانی کرنا اور اس کا گوشت تقسیم کرنا قدرے مشکل ہے یا قربانی کی سہولتیں میسر نہیں اور وہاں کے قوانین بھی اس حوالے سے سخت ہیں۔ الخدمت فانڈیشن چونکہ ملک بھر میں قربانی فی سبیل اللہ کا وسیع تجربہ رکھتی ہے لہذا بیرون ممالک سے مخیر حضرات اپنی قربانی کی رقم الخدمت فانڈیشن کو بھجواتے ہیں جو قربانی کے تمام مراحل مکمل کرنے کے بعد قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچانے کا اہتمام کرتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن