حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) بوڑھے اور معمر پینشنرز پر اگر حکومت نے ٹیکس لگایا تو ملک بھر کے پینشنرز لاٹھیاں اٹھا کر حکومتی ایوانوں کا گھیرائو کریں گے۔حکومت کو چاہئے کہ وہ آئی ایم ایف کے ہاتھوں میں کھلونا بننے کی بجائے اپنے غریب عوام کا خیال کرے ۔ان خیالات کا اظہار پنجاب گورنمنٹ پینشنرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ثناء اﷲکھوکھر، سیکریٹری بشیر احمد سیال اور پروفیسر چوہدری صلاح الدین نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا دنیا بھر کے ممالک میں ہر سال سینئر سٹیزن کی سہولیات میں اضافہ کیا جاتاہے تاکہ وہ سکون کی زندگی بسر کرسیں مگر ہمارے ملک کی حکومت کا سینئر سیٹزن کے ساتھ رویہ انتہائی مایوس کن اور غیر منصفانہ ہے۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوشرباء مہنگائی کے پیش نظر تمام پینشنرز کی پینشن میں 30فیصداضافہ کرکے انکی دعائیں لے۔