سورج آگ برسانےلگا،درجہ حرارت52سینٹی گریڈ

صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج صبح سویرے اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکنے لگا جبکہ موئنجو داڑو ملک کا گرم ترین مقام قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آج بھی شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور دن بھر موسم گرم اور خشک رہے گا۔موسم کا احوال بتانے والوں کے اعداد و شمار کے مطابق شہر لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد تک جا پہنچا ہے جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ موئنجو داڑو ملک کا گرم ترین مقام قرار دیا گیا ہے۔موئنجو داڑو میں درجہ حرارت 52.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،جیکب آباد میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،دادو 51 ، خیرپور 50.1 ، سکھر 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  ہوا جبکہ لاڑکانہ 50 جبکہ روہڑی میں درجہ حرارت 49.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہید بے نظیر آباد 48.5 ،مٹھی 46,  حیدراباد 45.5، چھور میں درجہ حرارت 44.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور ٹندوجام 44.3 ، میرپورخاص 43, بدین 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج بھی شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات نےخبردار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والے ہوجائیں تیار، آئندہ 2 روز میں شہر قائد میں ہیٹ ویو کا امکان  ہے۔سمندری ہوائیں بھی بند رہیں گی۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز  نے کہا کہ کراچی میں 29، 30 اور 31 مئی کو شدید گرمی کی لہر کا سلسلہ جاری رہے گا،اس دوران شہر قائد میں پارہ 42 ڈگری تک جا سکتا ہے،سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا جبکہ بلوچستان سے شمال مغربی ہوائیں کراچی میں داخل ہونگی اور مئی کے آخری تین روز گرم اور خشک ہوا کا راج رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد، سکھر، دادو ، لاڑکانہ، کشمور میں آج بھی پارہ 52 ڈگری تک جاسکتا ہے،کراچی میں سندھ کے دیگر اضلاع میں بارش کا کوئی امکان نہیں،کراچی میں جون کے پہلے ہفتے تک شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا،سندھ میں مون سون ہوائیں جون کے اختتام میں داخل ہونگی،مون سون بارشوں کا آغاز جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونگی جبکہ رواں سال کراچی سمیت سندھ بھر میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن