امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کمیونٹیز اور تمام عقائد کے مابین ہم آہنگی پیدا کر رہا ہے، دنیا جنوبی افریقہ کو فلسطینیوں کے حقوق کا علمبردار سمجھتی ہے، غزہ میں جنگ بندی کی جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان مسعود خان نے بالٹی مور میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے 49 ویں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ - مسلم امریکن سوسائٹی کے سالانہ تین روزہ کنونشن میں امریکہ اور دنیا کے دیگر حصوں سے ہزاروں مسلمان شریک ہوتے ہیں۔سالانہ کنونشن کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان نے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے صدر ڈاکٹر محسن انصاری کی متحرک قیادت اور انکی اجتماعی قوت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تنظیم کے مقاصد کو فروغ دینے اورپاکستان اور دنیا بھر میں مصیبت زدہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ ان تمام قومیتوں کی نمائندگی کرتا ہے جن کی مسلم شناخت ہے۔ آپ کی یہاں موجودگی پورے امریکہ اور پوری دنیا میں امن، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیتی ہے۔ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ صرف امریکہ کی سرحدوں تک محدود نہیں ، اسی طرح کے ابواب شمالی امریکہ اور تمام براعظموں میں موجود ہیں، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کمیونٹیز اور مختلف عقائد کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے رہا ہے، انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ہم آپ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ اپنے ریمارکس میں سفیر پاکستان مسعود خان نے بین الاقوامی انسانی قانون کی علمبرداری پر جنوبی افریقہ کی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔ آپ پوری عالمی برادری کی تعریف کے مستحق ہیں،اقوام عالم آپ کو فلسطینیوں کے حقوق اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے علمبردار کے طور پر عزت دیتی ہے۔ مسعود خان نے غزہ کے لوگوں کے لئے فوری اور مستقل جنگ بندی اور ریلیف کا مطالبہ کیا جو بھوک سے مر رہے ہیں، طبی امدادسے محروم ہیں اوردربدر نشانہ بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ لیڈرشپ کا مظاہرہ کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ دو ریاستی حل ایک حقیقت بن جائے۔مسعود خان نے تعلیم اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ مسلمانوں کی شاندار میراث آنے والی نسلوں تک پہنچا رہے ہیں، نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے۔ سفیر پاکستان نے اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی قیادت اور کارکنان کے لئے ان کے عظیم مشن کی کامیابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔قبل ازیں ڈاکٹر محسن انصاری نے اپنے استقبالیہ کلمات میں بتایا کہ اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے اپنی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے 12 ملین افراد کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ2023 میں تقریباً ایک ملین لوگوں کی خدمت کی گئی۔اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی 2023 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2100خواتین کو عبوری رہائش فراہم کی گئی،بچوں کو سکول میں داخل کرا نے کے پروگرام کے ذریعے63125 افراد مستفید ہوئے، فوڈ پروگرام کے ذریعے 691861لوگوں کی خدمت کی گئی،37330 پناہ گزینوں کو خدمات فراہم کی گئیں ،4222 لوگوں کو 7 آفات زدہ علاقوں میں امدادی خدمات فراہم کی گئیںاور 19053 لوگوں کو صحت کی خدمات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ نے سابق صدر ڈاکٹر محمد یونس کی خدمات کا اعتراف کیا جو گذشتہ 50 سالوں سے کمیونٹی کی خدمت کر رہے تھے۔ صہیب ولیم ویب کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نیلسن منڈیلا کی سرزمین جنوبی افریقہ کے نمائندے کو ایک خصوصی ایوارڈ بھی دیا گیا جس نے ڈاکٹر محسن انصاری کے بقول فلسطینیوں کے لئے آواز اٹھائی، آئی سی سی میں جا کر دنیا کو دکھایا کہ جرات، انصاف اور سچائی کا مطلب کیا ہے۔ واشنگٹن میں جنوبی افریقہ کے سفارت خانے کے چارج ڈی افیئرز اسماعیل ایسو نے ایوارڈ وصول کیا۔ اسماعیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینیوں کے مصائب اور فلسطین میں جاری فوجی کارروائی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو فلسطین کے حوالے سے ایک خاص ذمہ داری کا احساس ہے کیونکہ نیلسن منڈیلا نے اصرار کیا تھا کہ مسئلہ فلسطین بڑا مسئلہ ہے اور جب تک فلسطین آزاد نہیں ہوتا جنوبی افریقہ کی آزادی ادھوری رہے گی۔