”نئی نسل کو نظریہ پاکستان، مشاہیر تحریک آزادی کے افکار سے آگاہ کرنا ضروری ہے“

لاہور (خصوصی رپورٹر) نئی نسل کونظریہ پاکستان ‘ تحریک پاکستان اور مشاہیر تحریک آزادی کے افکارو خیالات سے آگہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اساتذہ کرام طلبہ کو دشمن کی ثقافتی و تہذیبی یلغار کے مضراثرات کے بارے میں آگاہ کریں۔ان خیالات کا اظہارپروفیسر ڈاکٹر سرفرازحسین مرزانے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں”نظریاتی تربیتی ورکشاپ برائے اساتذہ کرام “کے سلسلے میں پنجاب بھر سے آئے ہوئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای او)سے خطاب کے دوران کیا۔اس ورکشاپ کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ حافظ افتخاراحمدنے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ سیدرفاقت حسین شاہ نے بارگاہ رسالت ماب میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔پروگرام کی نظامت کے فرائض سید عابد حسین شاہ نے انجام دیے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے شرکاءکا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ۔ انہوں نے نشست کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم مجید نظامی کی قیادت میں پاکستان کے اساسی نظرےے کے تحفظ اور فروغ کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں نظریہ پاکستان سوسائٹیز قائم کی جائیں۔

ای پیپر دی نیشن