ایران، عراق، لبنان سمیت دیگر ممالک میں بھی تعزیئے اور ذوالجناح کے جلوس

Nov 27, 2012


بغداد+بیروت (اے پی پی) عراق، ایران، شام سمیت دنیا کے بیشتر اسلامی ممالک میں علم،تعزیئے اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر علماءکرام اور ذاکرین نے میدان کربلا میں حضرت حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی جانب سے اسلام کی سربلندی کیلئے دی جانے والی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جلوس کے راستوں میں عزاداران زنجیرزنی اور سینہ کوبی کرتے رہے۔عراق کے مقدس شہر کربلا میں تقریباً30 لاکھ عزاداران جمع ہوئے جن میں دو لاکھ غیر ملکی بھی شامل تھے۔ ایران کے دارالحکومت تہران،اصفہان،مشہد اور دیگر شہروں میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے ۔شام میں یوم عاشور کے جلوس پر امن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔قبل ازیں لبنان میں یوم عاشورہ کے جلوسوں کو بموں سے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا کر 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترکی،لیبیا اور دیگر اسلامی ممالک میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے۔ دوسری جانب یوم عاشور کے موقع پر عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے لبنان میں حزب اﷲ کے قائد حسن نصراﷲ نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد، اخوت اور یگانگت پیدا کرنا چاہئے۔ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی اور یوم عاشورہ کا عظیم دن ہمیں جو درس دیتا ہے ہمیں اس کو عملی طور پر اپنی زندگیوں میں لاگو کرنا ہوگا تاکہ ہم تمام مسائل سے بہتر طریقے سے نبردآزما ہو سکیں۔

مزیدخبریں