اسمبلیاں وقت سے پہلے ٹوٹیں گی نہ الیکشن ملتوی ہونگے: کائرہ


اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، کوئی وجہ نہیں کہ انتخابات ملتوی ہوں، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، التواءکی قیاس آرائیاں وہ عناصر پھیلا رہے ہیں جو ماضی میں کامیابی کیلئے سہارے تلاش کرتے رہے اور اب یہ عناصر خود کو بے سہارا محسوس کر رہے ہیں۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں وزارت کیڈ کے زیر انتظام ہفتہ صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی نسبت 2008ءمیں صورتحال زیادہ خراب تھی۔ ہماری قائد بے نظیر بھٹو شہید ہو چکی تھیں اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی حالات انتہائی خراب تھے۔ چوہدری نثار کے حوالہ سے سوال پر وزیر اطلاعات نے ان کے بیانات کو بھونڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور ہے اور چوہدری نثار کی پالیسی کچھ اور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی 8 ممالک کی کانفرنس میں موثر ممالک نے شرکت کی اور چوہدری نثار کو چاہئے کہ وہ اس کانفرنس کے نکات پر غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں گندم کی قیمتیں بڑھی ہیں تو ہم اپنے کسانوں کو کیوں پیسے نہ دیں اور ان کو معاشی طور پر مضبوط کیوں نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک نے موٹر سائیکل اور موبائل پر پابندی اپنے فائدے کے لئے نہیں لگائی اس کے فائدے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حامد میر کو اس سے قبل بھی قتل کی دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔ ہم اس واقعہ اور اس سوچ کی مذمت کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن