کوئٹہ (نوائے وقت نیوز + این این آئی) سنڈیمن ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں شعبہ حادثات میں ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایمرجنسی کو بھی ایک ہفتے بعد کھول دیا گیا۔ پی ایم اے بلوچستان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم نہیں کی۔ بلوچستان حکومت نے 73 ہڑتالی ڈاکٹروں کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ معطل ڈاکٹروں میں گریڈ 20 کے 6 پروفیسرز کے ساتھ ساتھ پی ایم اے بلوچستان کے صدر ڈاکٹر سلطان ترین بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ڈاکٹر سعید کی عدم بازیابی کے خلاف 41ویں روز بھی تمام ہسپتال بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔علاوہ ازیں سیکرٹری صحت بلوچستان نے سول ہسپتال کی ایمرجنسی بند کرانے کی کوشش پر تین ڈاکٹر معطل کر دئیے۔