لندن (بی بی سی) جنوبی افریقہ کی ٹیم آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں اوول کے میدان پر کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب رہی اور اس طرح دوسرا میچ بھی بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگ میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو اڑتالیس رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لئے آسٹریلیا نے چار سو انتیس رنز کا ہدف دیا تھا اور اس ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز ہی ستر رن کے سکور پر ہی اس کی چار وکٹیں گرگئی تھیں۔ ایسا لگ رہا تھا کہ میچ کے آخری روز آسٹریلیا یہ میچ جیت سکتا ہے لیکن جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بیٹس مین ڈوپلیسی اپنی شاندار بیٹنگ سے میچ ڈرا کرانے میں کامیاب رہے۔ ڈوپلیسی نے مشکل وقت میں تین سو چھہتر گیندوں کا سامنا کر کے ایک سو دس رنوں کی اننگ کھیلی اور وہ آخر تک آ¶ٹ نہیں ہوئے۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان موجودہ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے پہلے دو میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ تیسرا ٹیسٹ تیس نومبر سے شروع ہوگا۔دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے اس سیریز میں دوسری ڈبل سنچری بنائی جو رواں سال ان کی چوتھی ڈبل سنچری ہے۔ ایک ہی سال میں چار ڈبل سنچری بنانے کا کارنامہ کسی دوسرے کھلاڑی نے ابھی تک سرانجام نہیں دیا ہے۔ یہاں تک کے کرکٹ کے بادشاہ کہے جانے والے سر ڈان بریڈ مین نے بھی نہیں۔