نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی وزیر داخلہ سوشیل کمار شندے نے کہا ہے کہ بھارت نے ممبئی حملوں کے حوالے سے تمام شواہد پاکستان کے حوالے کردئیے ہیں‘ پاکستان دہشت گردانہ حملوں میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کا عمل تیز کرتے ہوئے انہیں سخت سزائیں دے‘ پاکستانی جوڈیشل کمیٹی کو اس لئے دورہ بھارت کی اجازت دی گئی کہ ممبئی حملہ کیس کے حوالے سے تیزی لائی جائے گی۔ منگل کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے گواہوں پر جرح کیلئے پاکستانی جوڈیشل ہائی کمشن نے 23 ستمبر کو بھارت کا تین روزہ دورہ کیا اور انہوں نے چار گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کئے۔ سوشیل کمار شندے نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ پاکستان ان دہشت گردانہ حملوں کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کرے گا۔