اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان ملکی ساختہ ملٹی رول جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے فروخت کریگا، متعدد ملکوں نے یہ طیارے خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جے ایف 17 تھنڈر طیار وں کے پروجیکٹ کے ڈپٹی چیف ڈائریکٹر ائرکموڈور خالد محمود نے بتایا کہ پاکستان ملکی ساختہ ملٹی رول جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی فروخت کے لئے مختلف ملکوں سے بات چیت کر رہا ہے، متعدد ملکوں نے طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اس حوالے سے بات چیت تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے۔ خالد محمود نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کم وقت اور اعلیٰ صلاحیت و کارکردگی نے عالمی مارکیٹ میں طیارے کو مقابلے کے قابل بنایا ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر جلد دوسرے ممالک کی فضائیہ کا حصہ بن جائے گا۔ جے ایف17تھنڈرکی پیداوار کا سلسلہ جاری ہے۔ ان طیاروں کے 2سکوارڈن پاکستان میں اڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس سالانہ 16 جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جن کی تعداد25 تک بڑھائی جا سکتی ہے، برآمدگی کے آرڈر کی صورت میں ہم پاک فضائیہ کی ضروریات پوری کرنے کے بعد انہیں فروخت کر سکیں گے۔آئندہ ماہ تک 50جے ایف17تھنڈر لڑاکا طیاروں کی پیداوار مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جے ایف 17تھنڈر لڑاکا طیاروں کا اپ گریڈ حصہ بلاک2 جو 50طیاروں پر مشتمل ہو گا آئندہ ساڑھے 3 سالوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ لڑاکا طیارے میں روسی ساختہ انجن استعمال کئے جا رہے ہیں۔ ادھر معروف دفاعی تجزیہ نگار کرنل (ر) سلطان سکندر گوندل نے کہا ہے کہ پاک فوج اور ائیر فورس میں ڈرون طیاروں کی شمولیت بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جنگ کی پالیسی تبدیل ہوچکی ہیں اور پاکستانی ڈرون جدید تقاضوں کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔