اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایران کے عالمی قوتوں سے معاہدے کا پاکستان کو فائدہ پہنچے گا گیس پائپ لائن کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے حکومت کو فوری طور پر ایران سے مذاکرات کرنے چاہئیں‘ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) طالبان کی وجہ سے اقتدار میں آئی ہیں ایک جماعت کھل کر اور دوسری جماعت مختلف انداز میں طالبان کے لئے کام کر رہی ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے بات چیت میں خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو چاہئے کہ سینئر ترین جنرل کو نیا آرمی چیف بنائیں تو ملک کا فائدہ ہو گا‘ تحریک انصاف خود کو سیاست میں زندہ رکھنے کے لئے نیٹو سپلائی روکنے اور ڈرون حملے کا مقدمہ امریکہ کے خلاف درج کر رہی ہے عمران خان کو چاہئے کہ سردار قیوم کی طرح مجاہد اول بننا چاہتے ہیں تو ایک گن کندھے پر اٹھا کر ڈرون کو گرا دیں ویسے بھی انہیں کرکٹ میں چھکے مارنے کی عادت ہے ڈرون اپنی گولی سے گرا کر چھکا مار سکتے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آتے ہی ماضی کو بھول جاتی ہے، آرمی چیف کی تقرری میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ اور یہ تقرری سنیارٹی کی بنیاد پر ہونی چاہئے حکومت یہ فیصلہ ایک ماہ پہلے کر لیتی تو بہتر ہوتا، الیکشن کمشنر کی تقرری میں بھی تاخیر کی جا رہی ہے۔