کشمیر کے بغیر پاکستان کی بقا خطرات سے دوچار رہے گی: ڈاکٹر مجید نظامی

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) نظریہ پاکستان فورم میرپور آزاد کشمیر کے زیر اہتمام آج تین بجے سہ پہر میرپور میں ’’نظریہ پاکستان کنونشن‘‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس کنونشن میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن ‘ ممتاز صحافی و چیئرمین نظریہ پاکستان ٹرسٹ ڈاکٹر مجید نظامی کا خصوصی آڈیو پیغام بھی سنایا جائے گا تقریب کی صدارت نظریہ پاکستان فورم میرپور آزاد کشمیر کے صدر مولانا محمد شفیع جوش کریں گے جبکہ کنونشن میں میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور‘ کوٹلی اور بھمبر میں قائم نظریہ پاکستان فورمز کے تنظیمی عہدیداران سے حلف وفاداری بھی لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اس کنونشن میں استحکام پاکستان‘ کشمیر کے الحاق پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے پاکستان کے تمام صوبوں سے نظریاتی رابطوں کا پروگرام بھی ترتیب دیا جائے گا۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی نے میرپور آزاد کشمیر میں نظریہ پاکستان کنونشن کے انعقاد کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا لیکن ہماری اس شہ رگ پر ہمارے ازلی دشمن بھارت نے آزادی کے ابتدائی دور میں ہی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قبضہ کر لیا تھا کیونکہ پاکستان کے تمام دریاؤں کے منابع کشمیر میں ہیں جس طرح کوئی شخص یا قوم اپنی شہ رگ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی اسی طرح کشمیر کے بغیر پاکستان کی بقا بھی خطرات سے دوچار رہے گی کشمیر پر قبضہ کے باعث بھارت جب چاہتا ہے ہمارے دریاؤں کا پانی بند کرکے ارض پاک کو خشک سالی کا شکار بنا دیتا ہے اور جب چاہتا ہے پانی چھوڑ کر سیلاب زدہ کر دیتا ہے لہٰذا پاکستان کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ کار نہیں کہ وہ کشمیر کو آزاد کرائے‘ چاہے اس کی خاطر اسے ایٹم بم ہی کیوں نہ استعمال کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا ہے پاکستان سے کشمیریوں کا دینی اور ایمانی رشتہ ہے کشمیر جغرافیائی‘ تاریخی‘ تہذیبی‘ غرضیکہ ہر لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے تکمیل پاکستان کے لئے کشمیر کا پاکستان سے الحاق ناگزیر ہے کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد کے طفیل آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا اور بھارتی جبر و استبداد کا مقابلہ کرتے ہوئے کشمیری نوجوان‘ خواتین اور بچوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی ان کی اس جدوجہد آزادی میں ہم پہلے بھی ان کے شانہ بشانہ تھے اور آئندہ بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے نظریہ پاکستان فورم کوٹلی اور بھمبر کے نومنتخب عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی وہ اس مملکت خداداد کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کی خاطر نظریہ پاکستان کے فروغ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...