بگٹی قتل کیس‘ مشرف کی استثنیٰ درخاست مسترد‘ شوکت عزیز سمیت 3 ملزم مفرور قرار‘ جائیداد ضبط کرنے کا حکم

Nov 27, 2013

کوئٹہ+ اسلام آباد (نیوزا یجنسیاں) کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 24 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز سمیت تین ملزموں کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں مفرور قرار دیدیا۔ کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق گورنر اویس غنی اور سابق ڈی سی اور ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کہاکہ اگر مشرف حاضر نہیں ہوں گے تو کارروائی کی جائیگی۔ عدالت نے آفتاب شیرپائو اور شعیب نوشیروانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرکے مزید سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو ججز نظربندی کیس میں پیشی پر استثنیٰ کی ایک دن کی درخواست منظور کرلی۔ مشرف کے وکیل نے مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کردی۔ الیاس صدیقی نے اپنے دلائل میں کہا کہ پرویز مشرف سیکورٹی خدشات کی بناء پر عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے لہٰذا عدالت مشرف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے۔ عدالت نے مشرف کی ایک روز کی پیشی سے استثنٰی کی درخواست منظور کرلی لیکن مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی۔ ادھر اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غازی عبدالرشید قتل کیس میں منگل کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ 9 دسمبر کو مشرف کی حاضری سے مستقل استثنٰی کی درخواست پر بحث ہوگی۔ 

مزیدخبریں