بجلی اور گیس کی کمی پوری کرنے کیلئے برق رفتاری سے اقدامات کر رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت متعدد منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے اور توانائی کے حصول کیلئے نئے منصوبے لگانے کیلئے ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں اور مراعات دی جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو توانائی بحران سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہے اور یہی وجہ ہے کہ بجلی اور گیس کی کمی پوری کرنے کیلئے برق رفتاری سے سنجیدہ اقدامات اٹھا ئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں، کینیڈا کے سرمایہ کار توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے آگے آئیں، حکومت کینیڈین سرمایہ کاروں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔ وہ گذشتہ روز پاکستان کینیڈا بزنس کونسل کے صدر سمیر ڈوسل سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو توانائی سمیت دیگر سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ توانائی بحران کے باعث زندگی کا ہر شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ زراعت، صنعت اور تجارت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ سابق حکمرانوں نے توانائی جیسا اہم شعبہ بالکل نظرانداز کئے رکھا۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور مجرمانہ غفلت کے باعث پاکستان کو توانائی بحران کا سامنا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چین، جرمنی اور کینیڈین کمپنیوں سے توانائی کے شعبے میں اشتراک کار کے حوالے سے متعدد معاہدے کئے گئے ہیں۔ ان ممالک کے سرمایہ کار پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گی اور پنجاب میں توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی ملکی و غیرملکی کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ جو سابق حکمرانوں کی طمع اور حرص کے باعث التوا کا شکار ہو گیا تھا، اسے دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ بھی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اگلے سال کے اوائل میں نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوا رکا آغاز ہو جائے گا۔ پاکستان میں ہائیڈل، سولر، کوئلے، بائیوگیس اور بائیوماس میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ کینڈا کے سرمایہ کار توانائی کے مختلف منصوبوں خصوصاً متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کے پراجیکٹس کیلئے سرمایہ کاری کا جائزہ لیں اور اس ضمن میں قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے آگے بڑھا جائے۔ بلاشبہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید فروغ کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں دونوں ملکوں کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کینیڈا بزنس کونسل کے صدر سمیر ڈوسل نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں اور پاکستان کینیڈا بزنس کونسل دونوں ملکوں کے مابین توانائی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور کینیڈین سرمایہ کاروں کو پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن