اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزارت خارجہ حکام کے مطابق پاکستان نے مزید تین افغان طالبان رہنمائوں کو رہا کر دیا۔ رہا ہونیوالوں میں طالبان سربراہ ملا عمر کے مشیر ملا عبدالاحد، ملا عبدالمنان اور طالبان کمانڈر ملا یونس شامل ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق رہا ہونے والے طالبان قیدی کابل پہنچ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں کو سخت سکیورٹی میں کابل پہنچایا گیا، رہا ہونیوالے رہنما افغان مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ طالبان رہنما ملا برادر نے کابل جانے سے انکار کر دیا ہے اور اسکی وجہ سکیورٹی خدشات بتائے جا رہے ہیں۔ اب تک پاکستان 30طالبان رہا کر چکا ہے، ان تین طالبان رہنمائوں کی رہائی افغان امن کونسل کی درخواست پر ہوئی۔ واضح رہے کہ افغان امن کونسل نے پاکستان کا دورہ کیا اور اس موقع پر افغان امن کونسل نے طالبان رہنما ملا برادر سے بھی طویل ملاقات کی تھی۔
پاکستان نے ملا عمر کے مشیر عبدالاحد سمیت مزید 3 طالبان رہنما رہا کر دیئے
Nov 27, 2013