لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین ایگری فور ڈاکٹر ابراہیم مغل نے کہا اگر ملک میں حکومتی اخراجات میں 30 فیصد کمی‘ بجلی کی چوری بند اور سابقہ بقایاجات 440 ارب روپے و گیس کی چوری ختم کر دی جائے تو ضروریات زندگی کی کسی چیز کی بھی کمی نہیں۔ حکومت عوام سے جو ٹیکس اکٹھا کرتی ہے‘ اسے شفاف انداز سے خرچ کرے اور اس خرچ کی تفصیلات قوم کو بتائے۔ اس عمل سے جہاں نئے ٹیکس گزار پیدا ہونگے‘ وہاں دوسرے ٹیکس دینے والے بھی رغبت سے ٹیکس ادا کریں گے۔ ٹیکس کی رقم عوام اور ملک پر خرچ ہو اس سے بابو اور حکومتی افسر عیاشی نہ کریں تو آج بھی ملک میں 50 لاکھ ٹیکس دینے والے ٹیکس دینے کو تیار ہیں جو سالانہ 4000 ارب روپے ٹیکس ادا کر سکتے ہیں۔ کالاباغ‘ داسو‘ بھاشا‘ اکھوڑی و بونجی اور دیگر ڈیموں کی تعمیر اور ان سے بجلی پیدا کرنے کا ہدف غیرملکی پاکستانیوں کو 10 ارب ڈالر کی کمپنی بنا کر دیا جائے اور صارفین اس کمپنی سے بجلی خریدیں ۔اس طرح بجلی کے بلوں میں سالانہ 400 سے 500ارب روپے کی چھوٹ بھی مل سکتی ہے۔