سرگودھا (نامہ نگار) سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس لینے کے بعد سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق آج سپریم کورٹ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا کے نرسری وارڈ میں جاں بحق ہونیوالے نومولود بچوں کی رپورٹ پیش کرینگے۔ باخبر ذرائع کے مطابق اب تک ہونیوالی مختلف انکوائریوں کی رپورٹس کیساتھ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے بنائی جانیوالی ایک اعلیٰ سطحی 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ سروسزہیڈکوارٹر لاہور ڈاکٹر محمد جمیل تھے۔ ممبران نے جو رپورٹ پیش کی اسکو مد نظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کی جائیگی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرگودھا ٹیچنگ ہسپتال میں سہولتوں کا فقدان ہے، اب تک ہلاکتوں کا کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ہدایت پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے سابق ایم ایس سرگودھا ڈاکٹر محمد اقبال سمیع کو معطل کردیا تھا، اب تک مختلف بنائی جانیوالی 21 تفتیشی ٹیمیں اموات پر اپنی اپنی رپورٹس اپنے محکموں کو دے چکی ہیں۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان ناصر الملک نے از خود نوٹس لیا تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر صحت خواجہ سلیمان رفیق‘ سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق اور قانونی ماہرین آج پیش کی جانیوالی رپورٹ پر کئی گھنٹے تک صلاح مشورے کرتے رہے۔ علاوہ ازیں ینگ ڈاکٹرز نے ڈی سی او سرگودھا کے ساتھ میٹنگ کے بعد ڈی ایچ کیو ہیڈکوارٹرز کی ایمرجنسی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کے صدر ڈاکٹر نوید نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات میسر نہیں ہے اور نہ ہی پنجاب حکومت سہولیات فراہم کرنے میں کسی طرح کی کوئی دلچسپی رکھتی ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا نرسری وارڈ ہی نہیں پورا ہسپتال کے معاملات انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جانوروں کے علاج کے قابل بھی نہیں ہے۔ کارڈیالوجی وارڈ کا یہ حال ہے کہ وہاں ایک مانیٹر بھی دستیاب نہیں ہے جبکہ ایمرجنسی میں سہولتیں ناپید ہیں۔ ڈاکٹر نوید نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اس صورتحال کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت حکومت پنجاب نے چلڈرن ہسپتال چائلڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ فیروز پور روڈ لاہور کے نیو نٹالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹروں اور نرسوں پر مشتمل خصوصی ٹیم مقرر کی ہے جو ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے بچہ وارڈکے مریضوں کیلئے طبی و سرجیکل سہولیات فراہم کر ے گی۔ ٹیم کے چیئر مین ایسوسی ایٹ پروفیسر نیونٹالوجی ڈاکٹر خواجہ عرفان وحید ہونگے۔