اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ(ق) کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے 30 نومبر کے جلسہ کی باضابطہ دعوت دی تو شرکت کریں گے تاہم ابھی تک ہمیں کوئی دعوت نہیں دی گئی‘ صرف ٹی وی پر ہی دعوت کے چرچے ہو رہے ہیں۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بعد ہی ملک میں الیکشن ہو گا تحریک انصاف اور عوامی تحریک سے کوئی ناراضگی نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسہ کو حکومت نہ روکے اگر پہلے کی طرح عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی گڑ بڑ نہ کی تو کچھ بھی نہیں ہو گا لیکن اگر جلسہ کو روکنے کی بے وقوفی کی گئی تو معاملہ خراب ہو جائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا فوری انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے، انتخابی اصلاحات کے بعد ہی الیکشن ہوں گے۔