ریاض (آن لائن) سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے سکولوں میں اساتذہ ، منتظمین ،والدین اور طلبہ پر ویڈیو بنانے اور تصویریں کھینچنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
البتہ وہ مجاز حکام سے اجازت کے بعد صرف سکول کے کیمرے سے تصویرکشی کرسکتے ہیں۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ ایک گشتی مراسلے کے مطابق اس پابندی کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی سکولوں اور کنڈرگارٹن پر ہوگا۔ وزارت تعلیم نے پندرہ سال قبل کیمروں والے موبائل فونز کے استعمال پر قدغن لگانے کے لیے قواعد وضوابط وضع کیے تھے لیکن سکولوں اور اساتذہ نے کم ہی اس پابندی کی پاسداری کی ہے۔ وزارتِ تعلیم نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ جو سکول اپنے ہاں منعقد ہونے والی تقاریب کی تصاویر یا ویڈیو بنانا چاہتے ہیں تو وہ اس مقصد کے لیے مطلوبہ قابلیت کا حامل ایک ملازم بھرتی کریں۔فوٹو گرافی صرف تقریبات اور مجالس کی سرکاری دستاویز سازی کے لیے کی جائے اور اس مقصد کے لیے صرف سکول کا ملکیتی کیمرا ہی استعمال کیا جائے۔ وزارت نے کہا ہے کہ جو تعلیمی ادارے اس حکم نامے کی پاسداری نہیں کریں گے، ان پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ وزارت کی طرف سے یہ پابندی حال ہی سوشل میڈیا پر اساتذہ کے ہاتھوں طلبہ کی پٹائی کی تصاویر اور ویڈیوز منظرعام پر آنے کے بعد لگائی گئی ہے۔