قومی اسمبلی کا26 واں سیشن ارکان کی عدم دلچسپی کا شکار ہے، معمول کے اجلاس کا کورم پورا رکھنا حکومتی ارکان کی ذمہ داری ہے، ایوان زیریں میں دو تہائی اکثریت حمایت کی حامل حکومت اپنے ارکان کو ڈسپلن کا پابند کرنے میں ناکام رہی ہے، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب اجلاس میں نہ صرف موجود رہتے ہیں بلکہ ’’غیر حاضر وزرائ‘‘ کا بوجھ بھی اٹھائے پھرتے ہیں جمعرات کو بھی کورم کی نشاندہی پر حکومت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ،ایجنڈے کی تکمیل کے بعد نکتہ ہائے اعتراض پر ایوان کی کارروائی چلائی جا رہی تھی کہ ڈاکٹر شریں مزاری نے حکومت پر پوائنٹ سکورننگ کرنے کیلئے کورم کی نشاندہی کردی ۔ صدر نشین بشیرمحمدوورک نے گنتی کروائی ،کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا ،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے بھاگ دوڑ کی لیکن کورم پورا نہ کر سکے۔مسلسل غیر حاضر ارکان کی سرزنش کئے جانے کا قوی امکان ہے ۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی وزارت داخلہ کی کارکردگی پیش کر دی ،انہوں نے قومی اسمبلی کے سامنے اپنے کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ،نواز شریف کابینہ کے وہ پہلے وزیر ہیں جنہیں اپنی وزارت کی کارکردگی پر اس قدر اعتماد ہے کہ انہوں نے ایوان میں اپنے خلاف عدالت لگانے کی پیش کش کر دی ،یہ بات قابل ذکر ہے وفاقی وزارت داخلہ کی گڈ گورنس میں پہلی پوزیشن ہے ۔چوہدری نثار علی خان نے پچھلے سوا دو سال میں وزارت داخلہ کو مثالی وزارت بنا دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اگرایوان مناسب سمجھے تواگلے اجلاس میں وہ اپنی وزارت کی کارکردگی پیش کر دونگا ،وزیراعظم سے بات کی ہے کہ ہر وزارت کی کارکردگی کوسامنے لایا جائے ۔ ایوان جرگہ ہے جس میں پاکستان کے مسائل پر بحث اور احتساب کیا جائے انہوں نے قومی شناختی کارڈ ز اور پاسپورٹس کے اجراء سے متعلق مسائل پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کی پیش کش کردی ہے ، ایوان میں عوامی نیشنل پارٹی حکومت پر تنقید کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی ،حاجی غلام احمد بلور نے وزیر داخلہ کو مثبت اقدامات پر مبارکباد دی تاہم انہوں وزیر داخلہ سے پوچھ لیا ،پنجاب اور کے پی کے کتنے شناختی کارڈز بلاک ہوئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں وزارت ریلوے کی جانب سے انکشاف کیا گیا کہ وزارت ریلوے میں 11 ہزار 845خالی آسامیاں موجود ہیں، جن میں سے اب تک 1477آسامیاں مشتہر کی گئیں۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ پاکستان کے گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل یورپین گلیشیئرز سے زیادہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و لوک ورثہ پرویز رشید نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے مردہ جسم میں جان آ گئی ہے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب کو اس وقت تحریک انصاف کے ارکان نے کنفرٹ کیا جب انہوں نے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں کہا کہ اسلام آباد کے نئے ائرپورٹ کی تعمیر میںتاخیر کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کی حکومت نہیں، وزیر مملکت کے جواب کے دوران غلام سرور اور پی ٹی آئی کے دیگر ارکان شورشرابا کرتے رہے اور جھوٹ جھوٹ کے نعرے لگاتے رہے۔