لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سپریم کورٹ نے ریٹائرڈ ججز کی سکیورٹی واپس لینے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو فوری سکیورٹی واپس کرنے اور نفری پوری کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کے طلب کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے فاضل جج سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے نفری کم ہونے کی بنیاد پر سپریم کورٹ کے سابق جج خلیل الرحمان رمدے، ثائر علی اور سعد سعود جان کی ذاتی سکیورٹی پر مامور چند اہلکاروں کو واپس بلایا تھا جس پر ان ریٹائرڈ جج صاحبان نے سپریم کورٹ رجسٹرار آفس سے شکایت کی تھی۔