لدھیانہ + نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا مسلمان دشمنی میں بھونڈی حرکتوں پر اتر آئی‘ بالی ووڈ سٹار عامر خان کو تھپڑ مارنے پر ایک لاکھ روپے انعام رکھ دیا۔ بھارتی و زیر داخلہ کی لوک سبھا کے اجلاس میں عامر خان پر کڑی تنقید ایوان مچھلی منڈی بن گیا اور وزیر داخلہ کی اداکار عامر پر تنقید کیخلاف ایوان میں شدید ہنگامہ ہوا اور کانگرس کے ارکان نے شور شرابا کیا۔ جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق فلم سٹار عامر خان فلم دنگل کی شوٹنگ کے لئے لدھیانہ کے ایک ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں اس دوران ان کی جان کے درپے شیو سینا کے رہنماﺅں نے عامر خان کو تھپڑ مارنے کا ایک لاکھ روپے انعام رکھ دیا۔ انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رہنماﺅں کی طرف سے دہلی اور لدھیانہ میں پوسٹر لگا دئیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ عامر خان کو تھپڑ مارو اور ایک لاکھ روپے انعام حاصل کرو۔ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق مذکورہ اعلان لدھیانہ میں ہوٹل ایم بی ڈے ریڈیسن بلیو کے باہر شیو سینا کے احتجاج کے دوران کیا گیا، جہاں عامر خان ٹھہرے ہوئے ہیں۔ شیو سینا پنجاب کے چیئرمین راجیو ٹنڈن نے دعویٰ کیا، "جو بھی شخص عامر خان کو تھپڑ مارے گا، اسے ہر تھپڑ کے انعام میں ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ شیو سینا کے انتہا پسندوں نے ہوٹل کے سامنے والی سڑک بھی بلاک کردی اور عامر خان کے خلاف نعرے بازی کی اور انکی تصاویر جلا دیں۔ واضح رہے کہ عامر خان احتجاج کے وقت ہوٹل میں موجود نہیں تھے۔ لدھیانہ ویسٹ کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس روپندر کور سرن نے بتایا کہ واقعے کے بعد ہوٹل کے باہر پولیس کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا میں بھی عامر خان کا پیچھا نہ چھوڑا۔ وزیر داخلہ راج ناتھ نے اسمبلی اجلاس میں انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جس کے باعث ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ لوک سبھا میں آئین میں 42ویں ترمیم پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بات کا رخ عامر خان کی طرف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر نے بھی مشکلات کے باوجود بھارت چھوڑنے کا نہیں سوچا تھا۔ عامر خان امبیڈکر سے سبق حاصل کریں۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا بھارت وراثتی طور پر سیکولر ملک ہے، لیکن سیاست میں سیکولر کے لفظ کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں لوک سبھا سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی اپوزےشن جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت آئینی اصولوں کی کھلی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں،آئین بذات خود کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو اگر اس کو نافذ کرنے والے لوگ برے ہیں تو پھر آئین بھی برا ہی بن جاتا ہے۔ ملک میں آئینی اصولوں کو خطرہ ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں ہم نے جو مشاہدہ کیا ہے وہ آئینی قدروں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ علاوہ ازیں عامر خان کے متنازعہ ریمارکس پر مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ صبر و تحمل اور رواداری ہندوستان کے ڈی این اے (ضمیر) میں شامل ہے اور اداکار عامر خان کو ملک سے چلے جانے کی ضرورت نہیں ہے اور انہیں یہ مشورہ دیا کہ سیاسی مفادات کیلئے جاری پروپیگنڈہ سے متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ ملک میںعدم تحمل کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
عامر خان/ انعام کا اعلان
بھارت : ڈھٹائی کی انتہا‘ شیوسینا کا عامر خان کو تھپڑ مارنے پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان‘ لوک سبھا میں ہنگامہ
Nov 27, 2015