پشاور (بیورو رپورٹ) عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی منصوبہ بندی اور اس پر عملدرآمد اس انداز سے کیا جائے جس سے خیبر پی کے‘ فاٹا اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ملایا اور ان کی ترقی کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا مقصد غیر ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانا تھا‘ لیکن ترقی یافتہ حصوں سے گزرا جا رہا ہے اور اس بات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ مغربی روٹ پر کام کرنے سے نہ صرف اس منصوبے کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ اس کا فاصلہ بھی کم ہوگا جبکہ افادیت بڑھے گی۔ خیبر پی کے اسمبلی کے سپیکر کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد کے ارکان سے باتیں کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرے گی۔ قبائلی لیڈر ایوب آفریدی نے عمران کی لیڈر شپ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔