لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل اسلام سے وابستہ ہے۔ عالمی استعماری قوتیں ہمارا راستہ روک رہی ہیں۔ ملک میں سیاست جمہوریت اور انتخاب دولت کا کھیل بنا دیا گیا ہے۔ غریب و متوسط طبقے کے کارکنوں کا بلند حوصلہ کے ساتھ جماعت اسلامی کی دعوت عام کرنا اس حقیقت کی دلیل ہے کہ وہ حق کا کام کر رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں اپنے شہر و مقام کے حالات کے مطابق اتحاد کرنا اور انتخاب لڑنا حکمت عملی ہے۔ جماعت کے کارکن 2018ء کے انتخابات کی ابھی سے تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے مختصر دورے کے موقع پر مسجد قبا ہیرآباد میں جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے ارکان کے ساتھ ایک نشست میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے۔ اس کا روشن مستقبل بھی اسلام سے وابستہ ہے۔ دریں اثنا سراج الحق نے محدوم امین فہیم کی وفات پر ہالہ میں مرحوم کے بیٹے مخدوم جمیل الزمان اور بھائی رفیق الزمان سے تعزیت کی اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ سراج الحق نے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امین فہیم نے ملک میں شرافت‘ وفاداری کی سیاست کی۔ موجودہ حکومت تین سال گزر جانے کے باوجود بجلی بحران‘ مہنگائی‘ بیروزگاری کے خاتمے سمیت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انتخابات کے بعد حکومت تبدیل ہوجاتی ہے مگر عام آدمی کی حالت تبدیل نہیں ہوتی۔ عوام کو آئندہ الیکشن یوم حساب بنانا چاہئے۔صباح نیوز کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ ہم تعصبات اور نفرت کی سیاست نہیں کرتے، 5 دسمبر کو کراچی میں اطمینان اور سکون کی صبح طلوع ہونے والی ہے۔ ہم ایک دوسرے سے دست و گریباں ہونے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں۔ یہ شہر لبنان، بغداد اور کابل نہیں بنے گا۔ ہم اس شہر کو مدینہ کی طرح اسلامی ریاست بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنارس چوک پر انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی آج بھی سڑکوں اور چوراہوں پر موجود ہے۔ کراچی میں سازش کے ذریعے جنات مسلط کئے گئے، خوشحالی ختم ہوگئی، آٹا، چینی، دال گھی، چینی تمام غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا لیکن انسان کی جان کی قیمت گرا دی گئی۔